ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / ملک میں پچھلے 24 گھنٹوں کے دوران کورونا کے سب سے زیادہ 11،502 نئے معاملے، متاثرین کی تعداد 3.32 لاکھ سے زائد

ملک میں پچھلے 24 گھنٹوں کے دوران کورونا کے سب سے زیادہ 11،502 نئے معاملے، متاثرین کی تعداد 3.32 لاکھ سے زائد

Mon, 15 Jun 2020 11:36:11    S.O. News Service

نئیدہلی،15؍جون (ایس او نیوز؍یو این آئی)  ملک میں کورونا وائرس (کوویڈ 19) کے معاملات میں مسلسل اضافہ ہورہا ہے اور گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا انفیکشن کے سب سے زیادہ 11،502 نئے کیس سامنے آئے ہیں جبکہ اسی دوران 325 مزید افراد کی موت ہوگئی ہے۔ مرکزی وزارت صحت و خاندانی بہبود کی جانب سے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق نئے کیس سامنے آنے سے متاثرین کی تعداد 3،32،424 ہوگئی ہے۔ اس بیماری سے مرنے والوں کی تعداد بھی بڑھ کر 9520 ہوگئی۔ اس وقت ملک میں کورونا کے 1،53،106 فعال واقعات ہیں جبکہ اس وبا سے نجات پانے والے افراد کی تعداد 1،69،798 ہے۔

ملک میں اس وبا سے مہاراشٹر سب سے زیادہ متاثر ہوا ہے۔ پچھلے 24 گھنٹوں کے دوران ریاست میں 3390 نئے کیسز درج کیے گئے ہیں اور 120 افراد کی موت ہوئی ہے۔ اس کے ساتھ ہی ریاست میں متاثرین کی کل تعداد بڑھ کر 1،07،958 ہوگئی ہے۔ اس جان لیوا وائرس سے 3950 افراد لقمہ اجل بن چکے ہیں جبکہ اس دوران ریاست میں 1632 افراد صحت مند ہوچکے ہیں۔ اس بیماری سے صحت مند افراد کی کل تعداد 50،978 ہوگئی ہے۔

کورونا وائرس سے متاثر ہونے میں تامل ناڈو دوسرے نمبر پر ہے جہاں متاثرہ افراد کی تعداد 44،661 تک پہنچ چکی ہے اور 435 افراد لقمہ اجل بن چکے ہیں جبکہ علاج کے بعد 24،547 افراد کو مختلف اسپتالوں سے فارغ کردیا گیا ہے۔ قومی دارالحکومت دہلی کی حالت کورونا وائرس کی وجہ سے مسلسل خراب ہوتی جارہی ہے اور متاثرہ افراد کی تعداد کے لحاظ سے اس کا ملک میں تیسرا مقام ہے۔ دارالحکومت میں کورونا سے متاثرہ افراد کی تعداد 38،958 ہوگئی ہے اور ہلاک شدگان کی تعداد 1271 ہوگئی ہے جبکہ علاج کے بعد 14،945 مریضوں کو اسپتالوں سے فارغ کردیا گیا ہے۔ ملک کی مغربی ریاست گجرات کووڈ ۔19 سے متاثر ہونے کے معاملہ میں چوتھے نمبر پر ہے ، لیکن اموات کی تعداد کے معاملے میں ریاست مہاراشٹر کے بعد دوسرے نمبر پر ہے۔ گجرات میں اب تک 23،590 افراد متاثر ہوئے ہیں اور 1478 افراد اپنی زندگی سے ہاتھ دھو بیٹھے ہیں۔اس ریاست میں ایک ہی وقت میں 16،333 افراد اس مرض سے شفایاب ہونے میں کامیاب ہوئے ہیں۔ آبادی کے لحاظ سے ملک کی سب سے بڑی ریاست اتر پردیش میں اب تک 13،118 افراد کورونا وائرس سے متاثر ہوئے ہیں اور 385 افراد لقمہ اجل بن چکے ہیں جبکہ 7875 افراد اس وبا سے شفایاب ہوئے ہیں۔

راجستھان میں بھی کورونا وائرس کا پھیلاؤ جاری ہے اوراس ریاست میں متاثرہ افراد کی تعداد 12،532 تک پہنچ چکی ہے اور 286 افراد ہلاک ہوگئے ہیں ، جبکہ 9431 افراد مکمل طور پر صحت یاب ہوئے ہیں۔ مغربی بنگال نے متاثرہ افراد کی تعداد کے لحاظ سے مدھیہ پردیش کو پیچھے چھوڑ دیا ہے۔ بنگال میں 10 ہزار 698 افراد کورونا وائرس سے متاثر ہوئے ہیں اور 463 افراد ہلاک اور 4542 افراد اب تک ٹھیک ہوچکے ہیں۔ مدھیہ پردیش میں 10،641 افراد کورونا سے متاثر ہوئے ہیں اور اس وبا سے 447 افراد لقمہ اجل بن چکے ہیں جبکہ 7377 افراد شفایاب ہوئے ہیں۔

جنوبی ہندوستان کی ریاست کرناٹک میں متاثرہ افراد کی تعداد 7000 تک پہنچ چکی ہے اور 87 افراد لقمہ اجل بن چکے ہیں جبکہ ریاست آندھرا پردیش میں 6152 افرادوبا کا شکار ہوئے ہیں اور 84 افراد کی موت ہوچکی ہے۔ ہریانہ میں 6969 افراد کورونا کے شکار ہوئے ہیں اور 78 افراد لقمہ اجل بن چکے ہیں جبکہ 6152 افراد شفایاب ہوئے ہیں،اور بہار میں61529افراد متاثر ہوئے ہیں اور 36افراد کی موت ہوچکی ہے۔ مرکز کے زیر کنٹرول جموں و کشمیر میں متاثرہ افراد کی تعداد بڑھ کر4878 ہوگئی ہے اور 55 افراد کی موت ہوچکی ہے۔ پنجاب میں 67 ، اتراکھنڈ میں 24 ، کیرالہ میں 20 ، اڈیشہ میں 14 ، آسام اور جھارکھنڈ میں آٹھ آٹھ ، ہماچل پردیش میں سات ، چھتیس گڑھ میں چھ ، چنڈی گڑھ میں پانچ ، پڈوچیری میں دو اور تری پورہ ، لداخ اور میگھالیہ میں ایک ایک شخص کی موت ہوچکی ہے۔


Share: